
انڈین نیشنل کانگریس کےچیئرمین برائے میڈیا اینڈ پبلسٹی ڈپارٹمنٹ پون کھیرا نے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے اہم سوال پوچھ لیے۔
انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما پون کھیرا نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ آپ کی خارجہ پالیسی کہاں ہے؟ پاکستان تو عالمی سطح پر کامیابیاں سمیٹ رہاہے، کویت نے پاکستان پر ویزا پابندیاں ختم کر دیں، کولمبیا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، بتائیں کون سا ملک آج بھارت کے ساتھ کھڑا ہے؟
پون کھیرا کا کہنا تھا بھارت کیلئے یہ افسوسناک لمحہ ہے کہ روس بھی اب پاکستان کے ساتھ معاہدے طےکر رہا ہے، بھارت کے قریبی دوست روس نے پاکستان کے ساتھ 2.6 بلین کے معاہدے پر دستخط کیے، کویت، ایران اور دیگر خلیجی ممالک بھی پاکستان کے ساتھ معاہدے طے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور روس، پاکستان کی ساتھ کھڑے ہیں اور امریکابھی بھارت کو دھمکا رہا ہے۔
انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما کا کہنا تھا مودی کی خارجہ پالیسی یا ملکی سکیورٹی پر سوال اٹھاؤ تو غدار قرار دے دیا جاتا ہے، بھارت کی سفارتی اور خارجہ پالیسی پر سوال اٹھ رہے ہیں جو کہ اٹھنے چاہئیں۔
خیال رہے کہ لوک سبھا میں اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ میں بھارت کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات سے پارلیمنٹ کو آگاہ کیا جائے۔
Leave a Reply