
پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت جولائی میں سنبھالےگا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں کی گئی اس ملاقات میں سفیر عاصم افتخار احمد نے سیکرٹری جنرل کو جولائی میں سلامتی کونسل کے مجوزہ پروگرام آف ورک سے تفصیل سے آگاہ کیا۔
سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ کہ پاکستان، سلامتی کونسل کی اپنی صدارت کو کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں انجام دے گا۔
انتونیو گوتریس اور عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود اہم اور فوری نوعیت کے عالمی امن و سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس میں مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال، افریقہ، یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں ہونے والی پیش رفت اور اقوام متحدہ کی امن مشنز کے ذریعے سلامتی کونسل کے مقاصد کے فروغ میں ان کے کردار پر بھی گفتگو شامل تھی۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں کی پاسداری اور تنازعات کے پر امن حل کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے رکن ممالک کے درمیان مضبوط عزم موجود ہے۔
سفیر عاصم نے پیچیدہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کثیرالجہتی سفارتکاری اور تنازعات کی روک تھام سے متعلق سیکرٹری جنرل کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
Leave a Reply