
اے ٹی ایف ساؤتھ ایشین انڈر 12 ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فائنل بارش کی نذر ہوگیا جس کے بعد دونوں ملکوں کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دے د یا گیا۔
کولمبو میں ایونٹ کا فائنل پاکستان اور میزبان سری لنکا کے درمیان تھا، فیصلہ کن معرکے کے پہلے میچ میں پاکستان کے راشد علی نے سری لنکا کے وی ویٹا نیورین کو اسٹریٹ گیمز میں 4-5 اور 0-4 سے شکست دی۔
فائنل کا دوسرا میچ پاکستان کے محمد شایان آفریدی اورسری لنکا کے امارا سنگھے کے درمیان کھیلا جارہا تھا۔
میچ میں دونوں کھلاڑی ایک، ایک سیٹ جیت چکے تھے کہ بارش شروع ہوگئی جس کے بعد مزید کھیل نہیں ہوسکا۔
جس کے بعد دونوں ملکوں کو مشترکہ طور پر چیمپئن اور گولڈ میڈل کا حقدار قرار دیا گیا۔
پاکستان ٹیم اس ایونٹ میں ناقابل شکست رہی جس نے نیپال، بنگلادیش ،مالدیپ اور روایتی حریف بھارت کو شکست دی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اگست میں سنگاپور میں ہونے والے اے ٹی ایف انڈر 12 ایشین ایونٹ کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔
Leave a Reply