
نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں عشائیے سے خطاب میں کہا ہے کہ بنگلادیش میں تمام شراکت داروں کے ساتھ روابط کے خواہاں ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک سال میں فروغ ملا ہے۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کے ہائی کمشنر کے عشائیہ میں شرکت کی جس میں وزیر تجارت جام کمال، بنگلادیش حکومت کے ایڈوائزر تجارت اور ایڈوائزر فشیریز و لائیوا سٹاک بھی شریک ہوئے۔
وزیرخارجہ نے عشائیے میں شریک بنگلادیش کی معروف کاروباری شخصیات سے گفتگو کی جبکہ بنگلادیش کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، صحافیوں اور تھنک ٹینکس سے بھی بات چیت کی۔
اسحاق ڈار نے بنگلادیش میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے بھی ملاقات کی۔
پاکستانی ہائی کمیشن ڈھاکا میں عشائیے سے خطاب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ دورے کی دعوت پربنگلادیش حکومت کا شکرگزار ہوں، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافت پرمبنی برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش میں تمام شراکت داروں کے ساتھ روابط کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے عوام خطے میں امن، استحکام اورخوشحالی چاہتے ہیں، موسمیاتی تبدیلی، سلامتی خطرات سمیت مختلف چیلنجزدرپیش ہیں اور ان چیلینجز سے نمٹنے کےلیے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک سال میں فروغ ملا ہے، تجارت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں، بنگلادیش کا سارک میں اہم کردار ہے اور خطے کی ترقی کےلیے سارک کومزید فعال بنانا ہوگا، دونوں ممالک کے عوام باہمی تعلقات پرمبنی تعلقات کے خواہاں ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلادیش کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے آج بنگلادیش کی سیاسی جماعتوں جماعت اسلامی، نیشنل سٹیزن پارٹی اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔
Leave a Reply