
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج شدید مندی رہی اور 100 انڈیکس 6 ہزار 482 پوائنٹس کم ہوکر ایک لاکھ 3 ہزار 526 پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس بھارتی جارحیت کی وجہ سے گزشتہ روز 3 ہزار 559 پوائنٹس کم ہوا تھا۔
آج بازار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے قیام میں مدد کی پیشکش پر مثبت کھلا، ایک موقع پر انڈیکس 1800 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 11ہزار 881 تک پہنچ گیا۔
لیکن پھر بھارت کے ڈورن حملوں پر انڈیکس نے گرنا شروع کیا لیکن سرکاری تصدیق پر گراوٹ کے بریک فیل ہوگئے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی رول بک کے تحت ایس ای 30 انڈیکس کی 5 فیصد سے زائد گراوٹ پر کاروبار کو 12 بج کر 34 منٹ پر ایک گھنٹے کے لیے روکنا پڑا۔
انڈیکس گرنےکا سلسلہ ایک گھنٹےکے تعطل کے بعد بھی برقرار رہا اور ایک موقع پر انڈیکس 8 ہزار 410 پوائنٹس کمی سے ایک لاکھ ایک ہزار 598 تک گرا۔
لیکن پھر کاروبار کے اختتام تک انڈیکس 6 ہزار 482 پوائنٹس کمی سے ایک لاکھ 3 ہزار 526 پر بند ہوا۔
100 انڈیکس کی ایک کاروباری دن سے دوسرے کاروباری دن کی بندش کی یہ ریکارڈ گراوٹ ہے۔انڈیکس 4 اپریل کی اپنی بلند ترین سطح سے 17 ہزار 269 پوائنٹس گرچکا ہے۔
شیئرز بازار میں آج 65 کروڑ 33 لاکھ شیئرز کے سودے 35 ارب روپے میں طے ہوئے۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 819 ارب روپے جب کہ تین دن میں ایک ہزار 282 ارب روپے کم ہوکر 12 ہزار 525 ارب روپے ہوگئی ہے۔
22 اپریل کو پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج 12.6 فیصد گرا ہے اور 22 اپریل سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج 14,904 پوائنٹس کم ہوا ہے۔
Leave a Reply