پاکستان آئیڈل آڈیشنز کا میلہ راولپنڈی میں جگمگا اُٹھا، نابینا فنکاروں کے سُر بھی چھا گئے۔
پاکستان آئیڈل کا رنگا رنگ میوزک میلہ جڑواں شہروں میں بھی جگمگا اٹھا۔ راولپنڈی اسلام آباد میں آڈیشن کے دوران نوجوانوں کا جمِ غفیر اُمڈ آیا۔ سریلی آوازوں اور بے پناہ جوش و جذبے کے ساتھ اُمیدواروں نے اپنے سُروں کا جادو بکھیر دیا۔
آرٹس کونسل راولپنڈی میں صبح 9 بجے سے پہلے ہی نوجوان قطاروں میں کھڑے دکھائی دیے۔ اس موقع پر ایک نابینا بچے اور ایک نابینا شخص نے بھی اپنی مدھر آواز سے سب کو مسحور کردیا۔
نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے فضا کو مزید دلکش بنادیا۔ پاکستان آئیڈل کے ڈائریکٹر ندیم جے کا کہنا تھا کہ اس بار سامنے آنے والا ٹیلنٹ اپنی مثال آپ ہے، اتنی بڑی تعداد میں عوام کو پہلے کبھی نہیں دیکھا، لگتا ہے کہ ججز کے لیے فیصلہ کرنا نہایت مشکل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور یہ ملک آنے والے سو برس تک میوزک کی دنیا کو نئے سپر اسٹارز دیتا رہے گا۔ چیف سلیکٹر تنویر آفریدی نے بھی کہا کہ پاکستان آئیڈل کا یہ سفر ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، یہ کام جو جیو اور پاکستان آئیڈل نے شروع کیا ہے، یہ ایک نئے عہد کی کامیابی کی بنیاد ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان آئیڈل کے آڈیشنز سکھر، ملتان اور لاہور کے بعد اب راولپنڈی اسلام آباد میں ہوئے اور اگلا بڑا پڑاؤ کراچی ہوگا جہاں مزید نوجوان اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے میدان میں اتریں گے۔
Leave a Reply