بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث مکمل طورپر صحتیاب نہیں ہوسکے اور ان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اتوار کو پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما معدے کی تکلیف کے باعث ممکنہ طور پر پاکستان کے خلاف اہم میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
6 فروری کو ممبئی میں نیٹ سیشن کے بعد کچھ کھانے کے باعث ابھیشیک شرما کی طبیعت خراب ہوئی۔
اگلے دن امریکا کے خلاف میچ میں ان کی حالت مزید بگڑی اگرچہ ابھیشیک نے میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا، مگر بیٹنگ میں کوئی اثر نہ چھوڑ سکے اور پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں وہ ٹیم کے ساتھ نمیبیا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم کے ساتھ نئی دہلی گئے، لیکن وہاں معدے میں انفیکشن ہونے کی وجہ سے ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی اورانہیں اسپتال داخل کرایا گیا۔
جمعرات کو نمیبیا کے خلاف میچ سے قبل ابھیشیک اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے لیکن انہیں نمیبیا کے خلاف میچ میں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
نمیبیا کے خلاف میچ کے ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ’ ابھیشیک مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہیں، وہ ایک یا 2 میچز نہیں کھیلیں گے’۔
امکان ہے کہ ابھیشیک کچھ دن مزید میدان سے باہر رہیں گے۔
توقع کی جا رہی تھی کہ وہ پاکستان کے خلاف میچ کے لیے مکمل فٹ ہوں گے، لیکن کپتان سوریا کمار کے بیان کے بعد اب یہ امکان مشکوک نظر آ رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اگلا میچ 15 فروری کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف کھیلنا ہے۔


























Leave a Reply