کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران سری لنکن کرکٹر بھانوکا راجاپکسا نے بھارتی بیٹرز کے بلّوں پر سوال اٹھا دیے جس کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔
سری لنکن کرکٹر بھانوکا راجاپکسا نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جب انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی بیٹرزخاص بیٹ استعمال کررہے ہیں۔
اتوار کو سری لنکا نے کولمبو میں آئرلینڈ کے خلاف 20 رنز سے کامیابی کے ساتھ اپنے ورلڈ کپ مہم کا آغاز کیا، تاہم میچ کے بعد دیے گئے راجاپکسا کے بیانات نے میدان میں ہونے والے نتیجے سے توجہ ہٹا دی۔
نیوز وائر سے گفتگو کرتے ہوئے راجاپکسا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی بیٹرز ایسے بلّے استعمال کررہے ہیں جو انہیں غیر منصفانہ برتری فراہم کرتے ہیں۔
راجاپکسا نے کہاکہ بھارتی کھلاڑیوں کے بلّے ان بہترین بلّوں سے بھی کہیں بہتر ہیں جو ہمیں دستیاب ہوتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ان پر ربڑ کی کوئی تہہ چڑھائی گئی ہو۔ میں سمجھ نہیں سکتا کہ یہ کیسے ممکن ہے۔ یہ بلّے دوسرے کھلاڑی خرید بھی نہیں سکتے، تمام کھلاڑی اس بات سے واقف ہیں۔
اگرچہ ان الزامات کے ساتھ کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کروائی گئی، تاہم اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں نے جنم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ بھانوکا راجاپکسا سری لنکا کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، جبکہ اب تک نہ بھارتی ٹیم اور نہ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ان دعوؤں پر کوئی ردِعمل دیا ہے۔


























Leave a Reply