
سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک میں ایک ایسی تبدیلی متعارف کرائی گئی ہے جو اس کے استعمال کا تجربہ بدل کر رکھ دے گی۔
ٹک ٹاک کی جانب سے ایسے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جن کی مدد سے صارفین اپنی فار یو فیڈ کو اپنی پسند کے مطابق ڈھال سکیں گے۔
ٹک ٹاک میں فار یو وہ فیڈ ہے جہاں ایپ کے الگورتھم کی جانب سے ویڈیوز ریکومینڈ کی جاتی ہیں اور عموماً ایسا صارف کی دلچسپی اور دیکھنے کی عادات کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے منیج ٹاپکس اور اسمارٹ کی ورڈ فلٹرز نامی فیچر متعارف کرائے جا رہے ہیں، تاکہ صارفین اپنی فار یو فیڈ کو اپنی پسند کے مطابق ڈھال سکیں۔
منیج ٹاپکس سے صارفین کو فار یو فیڈ کو کسٹمائز کرنے میں مدد ملے گی اور وہ تعین کرسکیں گے کہ کس طرح کا مواد زیادہ یا کم نظر آئے۔
ٹک ٹاک سیٹنگز میں منیج ٹاپکس سیکشن میں آپ 10 منتخب موضوعات کے سلائیڈرز کو ایڈجسٹ کر کے ان سے متعلق ویڈیوز کو زیادہ یا کم دیکھ سکیں گے۔
ان سلائیڈرز سے کسی ایک موضوع کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس کا مقصد ان موضوعات پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہے جن کو آپ زیادہ پسند کرتے ہیں۔
ٹک ٹاک کی جانب سے کی ورڈز کی تعداد کو بھی 100 سے بڑھا کر 200 کیا جا رہا ہے۔
اس مقصد کے لیے اسمارٹ کی ورڈ فلٹرز فیچر کو متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔
ٹک ٹاک کے آپریشنز اینڈ ٹرسٹ شعبے کے سربراہ ایڈم پریسر نے بتایا کہ نئے فیچرز کے ذریعے آپ ان موضوعات کو منتخب کرسکیں گے جن کو آپ فار یو فیڈ میں دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی ورڈز اور ہیش ٹیگ کو محدود کرسکیں گے جن میں آپ کو دلچسپی نہیں۔
کمپنی کے مطابق ان فیچرز سے آپ ایپ میں اپنے اسکرول کو کنٹرول کرسکیں گے۔
یہ دونوں فیچرز آنے والے ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
Leave a Reply