ٹرمپ کا بھارت یا یا کسی اور جگہ سے تیار آئی فونز پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان


ٹرمپ کا بھارت یا یا کسی اور جگہ سے تیار آئی فونز پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان

امریکی صدر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ انتباہ کیا / رائٹرز فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کو انتباہ کیا ہے کہ اگر کمپنی نے اپنے آئی فونز امریکا میں تیار نہیں کیے تو اسے 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل میں ایک پوسٹ میں امریکی صدر نے لکھا کہ ‘میں نے کافی پہلے ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک کو آگاہ کیا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ امریکا میں فروخت ہونے والے آئی فونز امریکی سرزمین میں تیار کیے جائیں گے، بھارت یا کسی اور جگہ نہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو ایپل کو امریکا میں کم از کم 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔

اس سے قبل 15 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل سے بھارت میں آئی فونز تیار نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران ایپل کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک سے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ٹیکنالوجی کمپنی اپنی پراڈکٹس بھارت میں تیار کرے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘گزشتہ روز مجھے ٹم کک کے ساتھ کچھ مسئلہ ہوا تھا، میں نے انہیں کہا کہ میرے دوست میں نے آپ کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا، آپ یہاں 500 ارب ڈالرز لانے والے تھے مگر اب میں نے سنا ہے کہ آپ سب کچھ بھارت میں بنا رہے ہیں اور میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو’۔

خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں ایپل نے چین میں ڈیوائسز کی پروڈکشن پر انحصار کم کرنے کے لیے بھارت میں سرمایہ کاری بڑھائی ہے۔

ایپل کمپنی بھارت میں آئی فونز کی پروڈکشن کو آئندہ چند برسوں میں بڑھانا چاہتی ہے۔

ابھی 90 فیصد آئی فونز چین میں اسمبل ہوتے ہیں مگر کمپنی آئندہ چند برسوں میں 25 فیصد فونز بھارت میں تیار کرنا چاہتی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ‘میں نے ٹم کک سے کہا کہ ہم نے آپ کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا اور چین میں جو پلانٹس آپ نے تعمیر کیے انہیں بمشکل قبول کیا، مگر ہم بھارت میں ان کی تعمیر میں دلچسپی نہیں رکھتے، بھارت اپنا خیال خود رکھ سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آپ امریکا میں ان کی تعمیر کریں’۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایپل کی جانب سے امریکا میں پروڈکشن کو بڑھایا جائے گا، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

ٹم کک نے 20 مئی کو بھی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کی تھی مگر اس کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئیں۔

البتہ مئی کے شروع میں سہ ماہی آمدنی کی رپورٹ کے موقع پر ٹم کک نے کہا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ امریکا میں فروخت ہونے والے زیادہ تر آئی فونز بھارت میں تیار کیے جائیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ اس سہ ماہی کے دوران ایپل کو 90 کروڑ ڈالرز کے ٹیرف کا سامنا ہوسکتا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *