امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کی جانب امریکی جنگی جہازوں کی روانگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیڑا اس بحری بیڑے سے بھی کہیں بڑا ہے جو وینزویلا پر امریکی حملے سے قبل روانہ کیا گیا تھا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’ہمارا ایک بڑا بحری بیڑا، یا فلوٹیلا، یا جو بھی آپ اسے کہنا چاہیں، اس وقت ایران کی طرف جا رہا ہے اور یہ وینزویلا کے لیے بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑا ہے‘۔
جب ان سے خطے میں امریکی فوجی موجودگی کے منصوبے کے بارے میں پوچھا گیا تو ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم دیکھیں گے کہ یہ سب کیسے آگے بڑھتا ہے۔ انہیں [بحری بیڑے کو] کہیں نہ کہیں تو رہنا ہی ہے، تو بہتر ہے کہ وہ ایران کے قریب ہی رہیں‘۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی ایران کی جانب سے ایک بڑا بحری بیڑا بھیجنے کا ذکر کرچکے ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک بحری بیڑا تیزی سے بھرپور طاقت، جوش اور واضح مقصد کے ساتھ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ ایک بہت بڑا بحری بیڑا ایران کی طرف بڑھ رہا ہے، وینیزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑے بیڑے کی قیادت عظیم طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کی طرح، یہ بحری بیڑا بھی ضرورت پڑنے پر طاقت، تشدد سے اپنے مشن کو فوری مکمل کرنے کا اہل ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایران جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آئے گا، امید ہے ایران منصفانہ اور مساوی معاہدے پر بات چیت کرے گا، کوئی جوہری ہتھیار نہیں، ایسا معاہدہ جو تمام فریقین کے لیے بہتر ہو۔


























Leave a Reply