
اگر آپ طیارے میں سفر کر رہے ہیں اور اس کے لینڈ ہونے کے فوری بعد اپنی جگہ سے کھڑے ہو جاتے ہیں تو ترکیہ میں ایسا کرنا بھاری پڑسکتا ہے۔
جی ہاں واقعی جو جلد باز مسافر طیارہ لینڈ ہونے کے بعد دروازہ کھلنے سے قبل ہی باہر جانے کے لیے کھڑے ہو جاتے ہیں، انہیں بھاری جرمانے کا سامنا ہوگا۔
ترکش ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری سرکولر میں بتایا گیا کہ طیارے کے لینڈ ہونے کے بعد بہت جلد کھڑے ہونے والے مسافروں سے انتظامیہ کی جانب سے جرمانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
سرکولر میں یہ نہیں بتایا گیا کہ مسافروں پر کتنا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
مگر میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جرمانہ 70 ڈالرز کے برابر ہوسکتا ہے۔
ترک حکام کو توقع ہے کہ اس اقدام سے ان مسافروں کی حوصلہ شکنی ہوگی جو اسی وقت کھڑے ہوکر باہر جانے کے لیے چلنے لگتے ہیں جب لینڈنگ کے بعد طیارہ رکا بھی نہیں ہوتا۔
سرکولر کے مطابق مسافروں کو طیارہ لینڈ ہونے کے بھی اپنی نشست پر بیٹھے رہنا ہوگا جب تک طیارے کا عملہ باہر جانے کا اعلان نہیں کرتا۔
اس کے مقابلے میں جو مسافر طیارے کے لینڈ کرتے ہی باہر نکلنے کی کوشش کریں گے، انہیں جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
طیاروں میں موجود عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کو انتباہ کریں کہ باہر نکلنے کے لیے جلد بازی نہ کریں اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو وہ انتظامیہ کو رپورٹ کریں گے، جس کے بعد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
سرکولر میں بتایا گیا کہ طیارے کے لینڈ ہونے کے فوری بعد سیٹ بیلٹ کھولنے والے، کھڑے ہونے والے یا چلنے والے مسافروں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد جلد بازی کرنے والے مسافروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جن کی وجہ سے اکثر طیاروں سے مسافروں کے اخراج کا عمل تاخیر کا شکار ہو جاتا ہے۔
Leave a Reply