وہ سپر ہٹ اداکارہ جسکی شادی میں انکے گھر والوں کے بجائے سلمان خان شریک ہوئے


وہ سپر ہٹ اداکارہ جسکی شادی میں انکے گھر والوں کے بجائے سلمان خان شریک ہوئے

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بھاگیا شری نے کہا کہ فلم ’میں نے پیار کیا‘ کے سیٹ پر سلمان خان ہمیشہ میرا بہت خیال رکھتے تھے __فوٹو: فائل

بالی وڈ میں پہلی ہی فلم سے سپر ہٹ ہوجانے والی اداکارہ بھاگیا شری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی پر ان کے گھر والوں کے طور پر صرف سلمان خان ہی موجود تھے۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بھاگیا شری نے کہا کہ فلم ’میں نے پیار کیا‘ کے سیٹ پر سلمان خان ہمیشہ میرا بہت خیال رکھتے تھے اور ہمالیہ ڈاسانی سے شادی کے دوران سلمان میرے ساتھ تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ میرے لیے سلمان ایک ایسے شخص تھے جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا، وہ بہت خیال رکھنے والے تھے، سلمان میں کام کے حوالے سے جس قسم کا جنون دیکھا ہے میرا خیال ہے شاید ہی آج کے نوجوان ستارے اس قسم کے جنون کا تجربہ کر پائیں گے، جو میرے خیال میں راجیش کھنہ کے دور جیسا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میری شادی پر میری طرف سے صرف سلمان خان موجود تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھاگیا شری کے والدین نے ہمالیہ ڈاسانی سے ان کی شادی پر اعتراض کیا تھا، اس لیے جوڑے نے بھاگ کر شادی کی تھی اور یہ شادی ایک نجی تقریب بن گئی تھی، پھر بھی سلمان خان اس موقع پر مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑے رہے تھے۔

بھاگیا شری نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے شادی کا فیصلہ کیا تو میری طرف سے کوئی نہیں تھا اور سلمان شروع سے آخر تک وہاں موجود تھے، وہ اس تقریب سے جانے والے آخری شخص تھے، مجھے ان سے اس کی امید نہیں تھی، وہ ایک بہت شرارتی لڑکے تھے لیکن بہت پیارے بھی تھے۔

بھاگیا شری اب رتیش دیش مکھ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم راجہ شیواجی میں نظر آئیں گی۔

 فلم میں سنجے دت، ابھیشیک بچن، جینیلیا دیش مکھ، مہیش منجریکر اور فردین خان بھی شامل ہیں، جس کے یکم مئی 2026ء کو ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ بھاگیا شری نے سلمان خان کے ساتھ 1989 کی فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے شاندار ڈیبیو کیا تھا، اسکرین پر ان کی کیمسٹری نے فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں راتوں رات اسٹار بنا دیا تاہم انہوں نے جلد ہی شادی کرنے کے لیے شوبز کو چھوڑ دیا۔

اب اس جوڑے کے 2 بچے ابھیمنیو ڈاسانی اور اونتیکا ڈاسانی ہیں اور دونوں ہی اداکاری کی دنیا میں آچکے ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *