
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سےگلگت بلتستان میں انسانی جانیں بچانے والے قومی ہیروز نے ملاقات کی، وزیراعظم نے تینوں افراد کو انعام اور سرٹیفکیٹ بھی دیے۔
وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں وصیت خان، انصار اور محمد خان شامل تھے۔ ان تینوں ہیروز نےگلوف (گلیشیئر پھٹنے)کی بروقت اطلاع دے کر 300 جانیں بچائیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تینوں افراد سے گفتگو میں کہا کہ میں 24کروڑ عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ نے احساس ذمہ داری کے ساتھ بروقت اطلاع دے کر 300 افراد کی جانیں بچائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانی خدمت کا آپ کا یہ اقدام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاع کے نظام پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے تینوں افراد کو نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دیے، وزیراعظم نے تینوں قومی ہیروز کو فی کس 25 لاکھ روپے کے چیک دیے۔
تینوں افراد نے پذیرائی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
Leave a Reply