اسلام آباد: وزیراعظم نے معاشی ترقی، سادگی اور بچت پر مبنی لائحہ عمل تشکیل دینے اور عوام پر بوجھ کم سے کم رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت حالیہ عالمی تناظر میں ملکی معاشی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں حالیہ کشیدگی اور اس کے خطے پر پڑنے والے معاشی اثرات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کمیٹی کی تجویز پر ہوا جس میں عالمی سطح پر اضافے کا کم سے کم بوجھ صارفین پر منتقل کیا گیا۔
وزیراعظم نے کمیٹی کو مزید فعال طور پرکام کرنے اور جلد ازجلد عوام کیلئے سہل اورقابل عمل سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ جو پیٹرول پمپس یا کمپنی بھی مصنوعی قلت پیدا کرنے یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائی گئی ہو، اس کو فوراً بند کیا جائے، ایسے پیٹرول پمپ یا کمپنی کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کو چاروں صوبوں کا دورہ کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومتوں سے مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت، عوام کو بلاتعطل فراہمی کے بارے میں لائحہ عمل و منصوبہ بندی تیار کریں۔


























Leave a Reply