
تیانجن: وزیراعظم شہباز شریف کی چین میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی۔
چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات ہوئی جس دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پاک، ایران تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ صدر مسعود پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات اور سفارت کاری کو تناؤ میں کمی اور استحکام کی جانب واحد قابل عمل راستہ قرار دیا جب کہ علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ایرانی صدر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جاری سیلابی صورتحال کےنتیجے میں قیمتی جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Leave a Reply