
اسلام آباد: عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آج سلطنت عمان کے سلطان ھیثم بن طارق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے سلطان کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دینے کیلئے ٹیلیفون کیا، دوران گفتگو وزیر اعظم نے سلطان ھیثم اور عمان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کےدرمیان اتحاد اور ہم آہنگی کےلیے دعا کی، غزہ کے عوام کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے حالیہ بحران کے دوران عمان کے مؤقف پر شکریہ ادا کیااور کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کیلئے ان کی حمایت کو سراہا، وزیراعظم نےسلطنت عمان کےساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا جس پر سلطان ہیثم نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو بھی عمان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیرِاعظم ہاؤس کے مطابق دونوں دورے باہمی طور پر سفارتی ذرائع سے مناسب تاریخوں پر ہوں گے۔
Leave a Reply