دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا و ایکس (ٹوئٹر) جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے واٹس ایپ کو غیر محفوظ ایپ قرار دیا ہے۔
ایک ایکس پوسٹ میں ایلون مسک نے کہا کہ واٹس ایپ محفوظ نہیں بلکہ سگنل ایپ کو بھی محفوظ نہیں قرار دیا جاسکتا۔
انہوں نے ایکس چیٹ کو ان دونوں میسجنگ ایپس کا محفوظ متبادل قرار دیا۔
ایلون مسک نے یہ پوسٹ اس وقت کی جب ایک امریکی عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔
اس مقدمے میں واٹس ایپ کے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے دعویٰ کو چیلنج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں کہا گیا کہ میٹا اور واٹس ایپ ممکنہ طور پر صارفین کے پرائیویٹ میسجز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
یہ مقدمہ مختلف ممالک جسیے آسٹریلیا، میکسیکو اور جنوبی افریقا کے صارفین کی جانب سے دائر کیا گیا، جن کا دعویٰ ہے کہ واٹس ایپ میں موجود سکیورٹی تحفظ دستیاب نہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ میٹا ملازمین صارفین کے نجی پیغامات تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔
اس کیس میں میٹا کے ایک نامعلوم وسل بلور کے بیان کو بنیاد بنایا گیا جس نے دعویٰ کیا تھا کہ میٹا کے اندرونی سسٹمز انکرپشن کو بائی پاس کرکے صارفین کے پیغامات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
مقدمے میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ یہ رسائی لامحدود وقت کے لیے ہوتی ہے جس سے میٹا ملازمین تمام میسج ہسٹری کو دیکھ سکتے ہیں، یہاں تک کہ ڈیلیٹ کیے جانے والے پیغامات کو بھی۔
مگر مقدمے کی دستاویزات میں کوئی تکنیکی شواہد فراہم نہیں کیا گیا۔
میٹا کی جانب سے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مضحکہ خیز قرار دیا گیا ہے۔


























Leave a Reply