واٹس ایپ وائس چیٹ کا فیچر اب تمام گروپس کیلئے دستیاب


واٹس ایپ وائس چیٹ کا فیچر اب تمام گروپس کیلئے دستیاب

کمپنی نے اس کا اعلان کیا / فوٹو بشکریہ میٹا

واٹس ایپ نے وائس چیٹ فیچر تمام گروپس کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے چاہے ان کا حجم جتنا بھی ہو۔

وائس چیٹ گروپ کالز سے مختلف فیچر ہے جسے کمپنی کی جانب سے آڈیو ہینگ آؤٹ قرار دیا گیا ہے۔

ویسے تو وائس چیٹ کا فیچر 2023 سے دستیاب ہے مگر اب تک یہ بڑے واٹس ایپ گروپس تک محدود تھا۔

یعنی 33 سے 256 افراد پر مشتمل گروپس میں ہی اسے استعمال کیا جاسکتا تھا۔

عموماً دوستوں یا رشتے داروں پر مشتمل گروپس میں اتنے افراد نہیں ہوتے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ تر گروپس میں اس فیچر کو استعمال کرنا ممکن ہی نہیں تھا۔

تو یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ بیشتر افراد اب پہلی بار اس فیچر کو استعمال کرنے کے قابل ہوں گے۔

فیچر کیسے استعمال کریں؟

اس فیچر کو استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے۔

اس کے لیے چیٹ کے نیچے سے اوپر کی جانب swipe کریں اور کچھ سیکنڈ تک دبا کر رکھیں۔

جب وائس چیٹ کا آغاز ہو جائے گا تو گروپ میں شامل افراد جب مرضی اس کا حصہ بن سکیں گے اور اپنی مرضی سے چھوڑ بھی سکیں گے۔

درحقیقت یہ وائس چیٹس خاموشی سے شروع ہوں گی اور گروپ میں ایک چیٹ ببل نظر آئے گا جس پر کلک کرکے آپ وائس چیٹ کا حصہ بن سکیں گے۔

وائس چیٹ کے دوران آپ گروپ کے ایسے افراد کو ٹیکسٹ میسج بھی بھیج سکیں گے جو اس چیٹ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

اس فیچر کے تحت گروپ چیٹ پر ایک نیا وائس ویو فارم (waveform) آئیکون بنا نظر آئے گا۔

اس آئیکون پر کلک کرنے پر وائس چیٹ خودکار طور پر شروع ہو جائے گی جس کے لیے ایک مخصوص انٹرفیس مختص کیا جائے گا۔

یہ نیا فیچر آنے والے ہفتوں میں تمام گروپس کے صارفین کو دستیاب ہوگا اور کمپنی کے مطابق وائس چیٹ کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔

اگر وائس چیٹ میں کوئی فرد شامل نہیں ہوتا تو اس کا سیشن خودکار طور پر 60 منٹ بعد ختم ہو جائے گا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *