انسٹا گرام نے نومبر 2018 میں اسٹوریز کے لیے کلوز فرینڈز فیچر متعارف کرایا تھا اور ستمبر 2025 میں واٹس ایپ میں اسی نام کے فیچر کی آزمائش شروع ہوئی تھی۔
اب ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے حوالے سے زیادہ کنٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کی جانب سے کلوز فرینڈز کے ساتھ ساتھ اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے لیے کاسٹیوم لسٹس فیچر پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
اس فیچر کا مقصد صارفین کو زیادہ پرائیویسی کنٹرول فراہم کرنا ہے۔
یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا (beta) ورژن میں نظر آیا۔
کاسٹیوم لسٹ میں صارفین مختلف افراد پر مشتمل لسٹس تیار کرسکیں گے اور تعین کرسکیں گے کہ کون ان کے اسٹیٹس دیکھ سکتا ہے۔
مثال کے طور پر آپ ایک لسٹ صرف فیملی کے لیے تیار کرسکتے ہیں، دوسری دفتری ساتھیوں یا دوستوں کے لیے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ واٹس ایپ صارفین اپنی کاسٹیوم لسٹس کے لیے ایک ایموجی اور نام کو منتخب کرسکیں گے۔
اسی طرح لسٹ میں کوئی تبدیلی اسی وقت ہوسکے گی جب آپ کوئی نیا اسٹیٹس پوسٹ کریں گے، یعنی اگر آپ کسی کانٹیکٹ کو اسٹیٹس پوسٹ کرکے خارج کریں گے، تو وہ کانٹیکٹ اس اسٹیٹس کو دیکھ سکے گا، مگر مزید نئے اسٹیٹس نہیں دیکھ سکے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی یہ فیچر بیٹا ورژن میں نظر آیا ہے اور یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔


























Leave a Reply