نیتن یاہو کے اقتدار کو خطرہ، اسرائیلی پارلیمنٹ کی تحلیل کے بل پر آج ووٹنگ ہوگی


 

نیتن یاہو کے اقتدار کو خطرہ، اسرائیلی پارلیمنٹ کی تحلیل کے بل پر آج ووٹنگ ہوگی

اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ تحلیل کرنے سے متعلق بل پر ووٹنگ آج ہوگی— فوٹو: فائل 

تل ابیب: اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں پارلیمنٹ تحلیل کرنے سے متعلق اپوزیشن کے بل پر آج ووٹنگ ہوگی۔ 

غیر  ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کنیسٹ تحلیل کرنے کے بل پر آج پہلی ووٹنگ ہوگی، اس ووٹنگ میں بل کو اکثریت حاصل ہوئی تو اسے نافذ ہونے کے لیے مزید 3 مرتبہ ووٹنگ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا جس کے بعد کنیسٹ کی تحلیل اور قبل از وقت انتخابات کی تاریخ طے ہوسکے گی۔

اس کے برعکس اگر اپوزیشن بل پر اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تو اسے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے سے متعلق دوسرا بل پیش کرنے کے لیے کم از کم 6 ماہ انتظار کرنا پڑے گا۔

 خبررساں ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو کے اتحادیوں نے بھی ملک میں قبل از وقت انتخابات کے لیے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

موجودہ حکومتی اتحاد کے پاس 68 نشستیں ہیں جبکہ اقتدار میں رہنے کے لیے کم از کم 61 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

اسرائیلی اخبار کے مطابق نیتن یاہو نے اپنے اتحادیوں پر اس قانون کی حمایت سے باز رہنے کے لیے دباؤ ڈالا ہے، تاہم قدامت پسند یہودیوں کے فوج میں لازمی سروس کے قانون کی منظوری کے بعد حکومتی اتحاد میں شامل کچھ جماعتیں نتین یاہو سے نالاں ہیں۔ 

یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی دائیں بازو کی جماعت لیکود پارٹی نے 2022 میں دیگر 6 جماعتوں  کے ساتھ مل کر حکومت قائم کی تھی۔

عالمی سیاسی منظر نامے پر نگاہ رکھنے والے ماہرین نیتن یاہو کی حکومت کے خاتمے کا قوی امکان ظاہر کر رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم پہلے ہی بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کا حملہ روکنے میں ناکامی پر بھی عوام اور سیاسی جماعتیں موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کو ذمہ دار ٹہرا رہے ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *