
کیا آپ کو اس بات کا علم ہے کہ نہاتے وقت آپ کی لاپرواہی آپ کی جان بھی لے سکتی ہے؟ کیونکہ عام طور پر کچھ افراد ایسی غلطی کررہے ہوتے ہیں جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
کئی افراد نہانے کے لیے گرم پانی کا انتخاب کرتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ یا تو وہ شروع سے اس کے عادی رہے ہوتے ہیں یا ان کا جسم ٹھنڈے پانی کو برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا لیکن نہانے کے لیے معتدل پانی کا انتخاب بہت ضروری ہے۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ایک جرمن ڈاکٹر میکس میڈاہالی نے گرم پانی سے نہانے کو خطرہ قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ نہانے کے پانی کے درجہ حرارت کو صرف چند ڈگری تک بڑھانا سنگین مسائل سے دوچار کرسکتا ہے، جس میں انسان بے ہوش بھی ہوسکتا ہے اور اس کی جان بھی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر میکس میڈاہالی نے وضاحت دی کہ گرم پانی سے نہانے سے جلد میں خون کی شریانیں پھیل جاتی ہیں، یہ جسم کی طرف سے درجہ حرارت کو کم کرنے کی کوشش کرنے کا قدرتی ردعمل ہے۔
تاہم یہ پھیلاؤ بلڈ پریشر میں تیزی سے کمی کا سبب بن سکتا ہے،یہ صورتحال چکر آنے اور ہوش کھونے کا سبب بن سکتی ہے، اس کے علاوہ اس سے دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ بیہوش ہونے کا یہ بھی خطرہ ہوتا ہے کہ جسم کی ہڈیاں فریکچر ہوسکتی ہیں۔
Leave a Reply