مودی کا اشتعال انگیز بیان غیرمتوقع نہیں، بھارتی نوجوان نفرت کی سیاست کو رد کردیں: دفتر خارجہ


مودی کا اشتعال انگیز بیان غیرمتوقع نہیں، بھارتی نوجوان نفرت کی سیاست کو رد کردیں: دفتر خارجہ

دو روز قبل نریندر مودی نے گجرات میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے عوام کو آگے آنا ہوگا__فوٹو: فائل

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیان غیرمتوقع نہیں تاہم بھارتی نوجوان نفرت کی سیاست کو رد کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی وزیراعظم کی پانی جیسے معاہداتی وسائل کو ہتھیار بنانے کی دھمکی عالمی اصولوں سے انحراف ہے، ایسی قیادت جو عالمی احترام چاہتی ہو، پہلے اپنی زبان اور ضمیر کا جائزہ لے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ موجودہ بھارتی حکومت کےنظریاتی حامی نفرت انگیزی اور اقلیتوں کے خلاف تشدد کو معمول بنا چکے ہیں، بھارت خود کو مظلوم ظاہر کرنے کےبجائے بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے، انتخابی مہم کے دوران جنگجو بیانات امن اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی نوجوان نفرت کی سیاست کو رد کریں اور باوقار، باہمی تعاون پر مبنی مستقبل کی طرف بڑھیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل نریندر مودی نے گجرات میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے عوام کو آگے آنا ہوگا، سُکھ کی زندگی جیئیں، روٹی کھائیں، ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔

مودی کے بیان کے بعد پاکستان نے مودی کےگجرات میں دیے گئے بیان کو انتخابی مہم کا تھیٹر قرار دے دیا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *