ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 800 تک پہنچ گئی


ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 800 تک پہنچ گئی

این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: ملک بھر میں جون سے ہونے والی موسلادھار بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اب تک 799 افراد جاں بحق اور 1080 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ 

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے 26 جون سے 25 اگست تک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث 7175 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 5552 مویشی ہلاک ہو چکے۔

اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 203 بچے، 476 مرد اور 119 خواتین شامل ہیں جبکہ 592 ریسکیو آپریشنز میں ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کو بچایاگیا۔ 

این ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ 497 اموات خیبر پختونخوا میں ریکارڈ ہوئیں جبکہ پنجاب میں 165 افراد، سندھ میں 55 اور بلوچستان میں 24 اموات رپورٹ ہوئیں۔ گلگت بلتستان میں 45 افراد جاں بحق، آزاد جموں و کشمیر میں 23 اور  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ملک بھر میں سیلاب سے متعلقہ واقعات میں مجموعی طور پر 1080 افراد زخمی ہوئے جن میں 286 بچے، 531 مرد اور 257 خواتین شامل ہیں۔ 

پنجاب میں سب سے زیادہ 584 افراد زخمی ہوئے، خیبرپختونخوا میں 347 اور سندھ میں 71 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 42، آزاد کشمیر میں 28، بلوچستان میں 5 اور اسلام آباد میں 3 افراد زخمی ہوئے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *