پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی غیور عوام اور افواج یہ باور کرانا چاہتی ہیں کہ معصوم شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھاکہ اس وقت تک 31 معصوم شہری شہید اور 57 زخمی ہوچکے ہیں، بھارت کے بزدلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہمارا دشمن اتنابزدل ہےکہ مدمقابل فوج سے لڑنے کے بجائے شہریوں کونشانہ بناتا ہے، آپ بھارت سے ایسی توقع کرسکتے ہیں کہ کس طرح بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے دہشتگردوں کیلئے زمین تنگ کرنا شروع کی تو بھارت اپنی فوج کے ذریعے دہشتگردی پر اتر آیا، معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانا دہشتگردی نہیں تو اور کیا ہے؟ یہ بات ثابت ہوچکی دہشتگردی میں بھارت کس طرح ملوث ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ جب یہ حملہ ہوا تو پاکستان کی افواج نے اپنے دفاع میں صرف ملٹری ٹارگٹس کو چنا، ہم نے بزدل دشمن کی طرح شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، تین رافیل سمیت 5 طیارے تباہ کیے گئے، فضائی جنگ میں اس کی شاید ہی کوئی مثال ملتی ہو،ہمیں اپنی ائیرفورس پرفخر ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایل او سی پر بھارت کی جارحیت اور سیز فائر کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے، افواج پاکستان نے بھارت کے7 چھوٹے بڑے ڈرونز کوبھی تباہ کیا، 2 اپنے قبضے میں لیے، جن بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا وہاں سے بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کی جارہی تھی، ان تمام حملوں میں پاک افواج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم نے میڈیا کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا، جب فضائی اٹیک ہوا اس وقت57 فلائٹس فضا میں تھیں، مسافرطیارے مختلف ممالک کے تھے جنھیں بھارت نے خطرے میں ڈالا، بھارت کی طرف سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پربھی شیلنگ کی گئی، جنیوا کنونشن کے مطابق عوام الناس اور پانی کی تنصیبات کو نشانہ نہیں بناسکتے، جب آپ ڈیمزکو نشانہ بناتے ہیں توبین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے، قوم کو افواج پاکستان پر اورافواج کو اپنی بہادرقوم پرفخرہے، افواج پاکستان اور قوم دشمن کے خلاف متحد ہیں، اپنے عوام اور زمین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، پاکستان کی غیور عوام اور افواج یہ باور کرانا چاہتی ہیں کہ معصوم شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
Leave a Reply