عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ مشکل حالات اور سیلاب کے باوجود پاکستانی معیشت مستحکم ہوئی،مہنگائی کا دباؤ عارضی ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی کارکردگی رپورٹ کی مزید تفصیلات جاری کر دیں۔
آئی ایم ایف رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے قرض پروگرام کے تحت زیادہ تر اہداف حاصل کر لیے، پاکستان کی معاشی کارکردگی میں بہتری آئی۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق مشکل حالات اور سیلاب کے باوجود معیشت مستحکم ہوئی، مالی کارکردگی مضبوط، پرائمری سرپلس 1.3 فیصد رہا۔
آئی ایم ایف رپورٹ میں کہا گیا کہ پرائمری سرپلس آئی ایم ایف ہدف کے مطابق حاصل کیا گیا، سیلاب کے بعد خوراک کی قیمتوں سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، مہنگائی کا دباؤ عارضی ہے۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ ایک سال میں ذخائر 9.4 ارب سے بڑھ کر 14.5 ارب ڈالر ہوگئے۔
آئی ایم ایف رپورٹ میں آئندہ سالوں میں ذخائر مزید بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف نےگزشتہ 2 سال کی معاشی کارکردگی سمیت رواں مالی سال کی معاشی پروجیکشنزبھی جاری کی تھی۔
آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح 3.2 فیصد پہنچنے کا امکان ہے، پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 8 فیصد سےکم ہوکر 7.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، مالی سال 2026 میں معیشت میں ٹیکسوں کاحصہ 16.3 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی قسط کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز موصول ہوگئے ہیں۔






















Leave a Reply