بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ مریم ریاض وٹو نے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر مشال یوسفزئی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں مریم ریاض وٹو نے لکھا کہ عمران خان نے واضح ہدایات دی تھیں کہ اگر مشال یوسفزئی نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو ان کی پارٹی رکنیت ختم کر دی جائے۔ انہوں نے اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب عمران خان کی ہدایات پر عملدرآمد کا وقت آ گیا ہے۔
مریم ریاض وٹو نے سینیٹر مشال یوسفزئی کے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں دیے گئے بیان پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے مشال یوسفزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اپنی بہنوں سے جو بھی بات ہوئی ہے، وہ ان کا ذاتی اور خاندانی معاملہ ہے۔
مریم ریاض وٹو نے لکھا آج جب عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات پر پارٹی کارکنان اور عوام پریشان ہیں، ایسے وقت میں توجہ ہٹانے کے لیے شوشے چھوڑے جا رہے ہیں اور جان بوجھ کر ایک نیا تنازع کھڑا کیا جا رہا ہے۔
معاملے کا پس منظر
مشال یوسفزئی سے متعلق پارٹی کا یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے دھرنا دیا تھا۔
بعد ازاں سینیٹر مشال یوسفزئی نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں دعویٰ کیا کہ عمران خان کے اہلِ خانہ نے سلمان اکرم راجہ سے رابطہ کر کے دھرنا ختم کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔
پارٹی قیادت نے مشال یوسفزئی کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کیا اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کی بہن علیمہ خان سے منسوب دھرنا ختم کرنے سے متعلق باتوں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا۔
سلمان اکرم راجا نے ایک روز قبل یہ بھی کہا تھا کہ مشال یوسفزئی کے خلاف سخت ایکشن 8 فروری کے بعد لیا جائے گا۔


























Leave a Reply