مرنے والوں میں 2 بچے اور 2 خواتین شامل، ایم ایل او رپورٹ جیو کو موصول


مائی کلاچی واقعہ: مرنے والوں میں 2 بچے اور 2 خواتین شامل، ایم ایل او رپورٹ جیو کو موصول

مرنے والوں کی عمریں 10 سے 40 سال کے درمیان ہیں جب کہ 10 سال کی عمر کے بچے کا گلا کٹاہوا ہے: رپورٹ/ اسکرین گریب

کراچی: جیو نیوز نے مائی کلاچی روڈ پر پھاٹک کے قریب مین ہول سے ملنے والی 4 لاشوں کی ایم ایل او  رپورٹ حاصل کرلی۔

ایم ایل او رپورٹ کے مطابق مرنے والوں کی عمریں 10 سے 40 سال کے درمیان ہیں جب کہ 10 سال کی عمر کے بچے کا گلا کٹاہوا ہے اور چہرہ کچلا ہوا ہے، دوسرے بچے کی عمر 15 سال ہے جس کی گردن، چہرے اور سر پر چوٹ کے نشان ہیں۔

رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ تیسری لاش لڑکی کی ہے جس کی عمر14 سے 16 سال کے درمیان ہے اور لڑکی کے سر اور گلے پر چوٹ کے نشانات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چوتھی لاش 35 سے 40 سال کی عمر کی خاتون کی ہے، خاتون کے سر، چہرے اور  ہاتھوں پر چوٹ کے نشانات ہیں۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے کہا کہ شناخت کے لیے تلاش ڈیوائس اور نادرا سے لاشوں کے فنگر پرنٹس لیے گئے مگر فنگر پرنٹس سے بھی لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، کیمیائی تجزیے اور ڈی این اے کے لیے مختلف نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں پھر کیمیکل ایگزامن اور ڈی این اے رپورٹ آنے پر موت کی حتمی وجہ سامنے آئے گی۔

اسد رضا کا کہنا تھا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کی روشنی میں لگتا ہے چاروں کی موت تشدد سے ہوئی ہے اور لاشوں کی شناخت ہونے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا جب کہ  جائے وقوعہ کے اطراف کوئی سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ہیں۔

دوسری جانب ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ نے کہا کہ 2 خواتین سمیت چاروں لاشوں کی تاحال شناخت ممکن نہیں جب کہ کراچی بھر سے بیک وقت 4 افراد کے لاپتا ہونے کی رپورٹ بھی نہیں ملی۔

امجد شیخ نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کے ڈی این اے سیمپل بھجوا دیے گئے ہیں بظاہر ان چاروں افراد کے قتل کی واردات آنر کلنگ کا شاخسانہ لگ رہی ہے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ لاشوں کی موجودگی کی اطلاع کچرہ چننے والے نے دی، اس حوالے سے مزید شہادتیں نہیں ملیں، سرکار کی مدعیت میں مقدمہ ڈاکس تھانے میں درج کیا جا رہا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *