آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی بہت تیزی سے زندگیوں کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔
دفاتر سے لے کر صنعتی استعمال، عام زندگی کے مسائل اور دیگر متعدد چیزوں کے لیے اس کا استعمال ہو رہا ہے۔
ماہرین کے خیال میں اس ٹیکنالوجی سے جلد انسانوں کے کام کرنے کا انداز بدل جائے گا۔
اس حوالے سے مائیکرو سافٹ اے آئی کے چیف ایگزیکٹو مصطفیٰ سلیمان نے پیشگوئی کی ہے کہ اب سے 5 سال کے دوران ہر فرد کا اپنا ایک اے آئی ساتھی ہوگا۔
یہ ایسا ساتھی ہوگا جو آپ کے بارے میں بہت زیادہ جانتا ہوگا۔
ایک ایکس پوسٹ میں شیئر ہونے والی ویڈیو میں مصطفیٰ سلیمان نے کہا کہ یہ اے آئی ساتھی دیکھنے، سننے، ترجیح دینے اور صارف جیسا محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اے آئی ساتھی آپ کے بارے میں اتنا کچھ جانتے ہوں گے کہ زندگی کا حصہ بن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آپ کے عزائم اور سیاق و سباق کو سمجھیں گے اور بالکل ایسا محسوس ہوگا کہ وہ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہنے والے دوست ہیں، جو زندگی کے چیلنجز میں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کا حصہ بننے سے قبل مصطفیٰ سلیمان نے پائی چیٹ بوٹ تیار کرنے والی ایک کمپنی کی بنیاد 2 دیگر افراد کے ساتھ ملکر رکھی تھی۔
اس چیٹ بوٹ کو ایموشنل انٹیلی جنس سے لیس پرسنل اے آئی قرار دیا گیا تھا۔
بعد ازاں یہ پوری ٹیم 2024 میں مائیکرو سافٹ کا حصہ بن گئی تھی۔
مگر مصطفیٰ سلیمان کے خیال میں پائی جیسے اے آئی چیٹ بوٹ مستقبل میں انسانوں کے مستقل ساتھی بن جائیں گے جو زیادہ بہتر ذہانت سے لیس ہوں گے۔


























Leave a Reply