سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے نائب کمانڈر انچیف لیبیا لیفٹننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب کمانڈر انچیف لیبیا لیفٹننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے ائیرہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیبیا کے وفد کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ذریعے پاک فضائیہ کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا جبکہ وفد نے پاک فضائیہ کے فضائی اور زمینی عملے کے آپریشنل تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ائیر چیف نے لیبیا کے وفد کو فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافےکیلئے پاک فضائیہ کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں باہمی دلچسپی بالخصوص متعلقہ خطوں کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں پیشہ ورانہ تعاون پر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

























Leave a Reply