لاہور میں ہونے والے پاکستان آئیڈل آڈیشنز میں جادوئی آوازوں نے سب کو دیوانہ کردیا، گلوکاری کے شوقین بڑی تعداد میں الحمرا کلچرل کمپلیکس پہنچ گئے، بڑا مقابلہ سب سے پہلے”جیو ٹی وی“ پر نشر ہوگا۔
جیو ٹی وی ایک بار پھر لا رہا ہے سب سے پہلے پاکستان کا سب سے بڑا اور دلوں کو چھو لینے والا میوزک مقابلہ ”پاکستان آئیڈل“، جہاں سروں اور تال کا جادوئی سفر اپنی نئی کہانی رقم کر رہا ہے۔
اس بار پاکستان آئیڈل کا قافلہ آڈیشن لینے لاہور پہنچا تو الحمرا کلچرل کمپلیکس ٹیلنٹ کا گڑھ بن گیا۔
شہرِ لاہور اور گردونواح سے آئے ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنی سُریلی آوازوں اور خوابوں کو حقیقت بنانے کے عزم کے ساتھ آڈیشن دینے پہنچے۔ کسی کے دل میں بچپن سے میوزک کا شوق تھا تو کسی نے برسوں سر اور راگ کا سبق سیکھ رکھا تھا۔ ہر ایک کے چہرے پر خوشی اور اُمید کی جھلک نمایاں تھی، سب اپنی ریہرسل کرتے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے دکھائی دیے۔
ماحول یوں تھا جیسے پورا لاہور ایک دھن پر جھوم رہا ہو۔ پاکستان آئیڈل کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لاہور کا ریسپانس سب سے شاندار رہا، یہاں نہ صرف بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے بلکہ ایسا زبردست ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جو آنے والے راؤنڈز میں سب کو حیران کر دےگا۔
سراور تال کے پہلے راؤنڈ میں منتخب ہونے والے خوش نصیب اگلے مرحلے میں اپنی منزل کے قریب تر ہوجائیں گے۔ بلاشبہ، پاکستان آئیڈل صرف ایک مقابلہ نہیں بلکہ خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کا وہ سفر ہے جو جادوئی آوازوں کو دنیا بھر میں پہچان دلا رہا ہے۔
Leave a Reply