لاہور بورڈ نے امتحانات کے طریقہ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نویں جماعت کے ہونے والے پریکٹیکل کے پیپرز کی ای مارکنگ کی جائے گی۔
لاہور بورڈ کے زیرِ اہتمام ہونے والے امتحانات میں کچھ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جس کے تحت نویں جماعت کے پیپر دینے والے طالب علموں کے پریکٹیکلز بھی ہوں گے اور اس کے علاوہ ای مارکنگ بھی کی جائے گی۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیرنے بتایا کہ پریکٹیکل کے موقع پر انویجیلیٹر (امتحان لینے والا عملہ) کی جانب سے چیزوں کو مِس مینج کرنے کی بہت زیادہ شکایات آ رہی تھیں، جس طرح ہمارا پیپر مارکنگ سینٹر پر چیک ہوتا ہے، اب پریکٹیکل کے پیپر کا تھیوری والا حصہ بھی ہمارے سینٹرلائزڈ مارکنگ سینٹر پر آئے گا اور وہیں چیک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پریکٹیکل لینے والے ایگزامنر کو جو 30 کے 30 نمبر دیے ہوئے تھے، ان کا غلط استعمال (Misuse) بہت ہو رہا تھا، اس کو ختم کرنے کے لیے وزیرِ تعلیم رانا سکندر صاحب اور مزمل محمود نے ذاتی طور پر کاوش کی اور ہدایت دی کہ اسے فوراً ختم کیا جائے، اب پریکٹیکلز کی بھی سینٹرلائزڈ مارکنگ ہو گی اور ہم لیبز میں کیمرے بھی لگائیں گے تاکہ وہاں مِس مینجمنٹ نہ ہو۔
رضوان نذیرنے مزید بتایا کہ جہاں تک ای-مارکنگ کا تعلق ہے، تو جوابات کے لیے ‘ای-شیٹ’ (E-sheet) ہوگی جس میں ہر سوال کے لیے مخصوص جگہ بنی ہوگی، جب یہ پیپر بورڈ آئے گا تو ہم اسے اسکین کرکے مختلف حصوں میں تقسیم کر دیں گے، اب ایگزامینر کو کسی سینٹر پر آنے کی ضرورت نہیں ہوگی، ہم انہیں آئی ڈی دیں گے اور وہ گھر بیٹھے چیک کر سکیں گے۔
رضوان نذیر کے مطابق ہم انہیں رئیل ٹائم میں کیمرے کے ذریعے مانیٹر کریں گے، بجائے اس کے کہ ایک ایگزامینر پر 100 پیپرز کا بوجھ ہو، اب ان کے پاس مختلف جوابی کاپیوں سے صرف مخصوص سوالات (مثلاً 50 یا 10 سوالات) جائیں گے، پورے پنجاب میں فرسٹ ائیر کے پہلے سالانہ امتحان میں آئی سی ایس (ICS) کا پیپر ای-مارکنگ پر ہوگا اور اگلے دو سے تین سالوں میں ہمارے تمام پیپرز ای-مارکنگ پر شفٹ ہو جائیں گے۔


























Leave a Reply