سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کےقریب قومی شاہراہ پر خوفناک ٹریفک حادثے نے 11 افراد کی جان لے لی۔
خیرپور ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور ٹریلر میں ٹکر کے نتیجے میں 11 مسافر جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تیز رفتار کوچ اوور ٹیکنگ کے دوران ٹرک سے جا ٹکرائی، حادثے میں مسافر کوچ کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جان گنوا بیٹھے۔ تمام لاشوں اور زخمیوں کو خیرپور سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بدقسمت مسافر بس پنجاب سے کراچی آرہی تھی۔
ادھر آئی جی سندھ نے ایس ایس پی خیرپورکو پولیس جائےحادثہ پر روانہ کرنےکاحکم دیدیا۔ آئی جی نے جائےحادثہ اور اطراف کے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں یقینی بنانےکا بھی حکم دیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل کاٹھور کے قریب آئل ٹینکر اور بس سمیت متعدد گاڑیاں ٹکرا گئی تھیں جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس حوالے سے پولیس نے بتایا تھا کہ حادثہ انصاری پل کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر بس رانگ وے سے سڑک پر آئی اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔
تصادم کے نتیجے میں کئی دیگر گاڑیاں بھی زد میں آئیں جنہیں شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک مسافر وین کی چھت پر بیٹھے لوگ پل سے نیچے جاگرے۔


























Leave a Reply