قومی ائیرلائن کی ہزار سے زائد پروازیں صرف 1یا 2 مسافروں کیساتھ آپریٹ ہوئیں، آڈٹ رپورٹ میں انکشاف


قومی ائیرلائن کی ہزار سے زائد پروازیں صرف 1یا 2 مسافروں کیساتھ آپریٹ ہوئیں، آڈٹ رپورٹ میں انکشاف

 قومی ائیرلائن کی 816 پروازیں صرف ایک مسافر کے ساتھ روانہ ہوئیں جبکہ 302 پروازیں صرف 2 مسافروں کے ساتھ اڑیں، 2 سالہ آڈٹ رپورٹ/ فائل فوٹو 

اسلام آباد: قومی ائیرلائن کی آڈٹ رپورٹ برائے 23-2021 میں 1118 پروازوں کا صرف ایک یا دو مسافروں کے ساتھ آپریٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق قومی ائیرلائن کی  816 پروازیں صرف ایک مسافر کے ساتھ روانہ ہوئیں جبکہ 302 پروازیں صرف 2 مسافروں کے ساتھ منزل کی جانب روانہ ہوئیں۔

آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم لوڈ پروازیں چلانا وسائل کا کھلا ضیاع ہے، کم مسافروں کے باوجود پروازیں منسوخ یا ریفنڈ نہیں کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق  قومی ائیرلائن انتظامیہ کی کمزور  پلاننگ اور ناقص فیصلے بے نقاب ہوگئے ہیں، 6 جون2024 کو انتظامیہ کو رپورٹ دی گئی جس کاکوئی جواب نہ ملا،  یاد دہانیوں کے باوجود ڈی اے سی اجلاس نہ بلایا گیا۔

آڈٹ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ قومی ائیر لائن کو مؤثرفلائٹ پلاننگ اورباقاعدہ کارکردگی جائزوں کی فوری ضرورت ہے۔

دوسری جانب خالی فلائٹس چلانے والے آڈٹ پیرے سے متعلق قومی ائیرلائن نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ آڈٹ پیرا، ڈرافٹ پیرا ہے، یہ قومی ائیرلائن کی چارٹرپروازوں پربنایا گیا تھا، چارٹر پروازوں کی ایک طرف عمومی طور پر خالی جاتی ہیں۔

ترجمان قومی ائیرلائن کے مطابق  پرواز کی قیمت یکطرفہ مسافروں کے ٹکٹ سے پوری کی جاتی ہے، آڈٹ کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ پیرا ڈراپ یا ختم کر دیا گیا تھا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *