
دوحہ: اسرائیل نے قطر پر فضائی حملہ کرکے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینیئر ترین رہنما خلیل الحیہ اور دیگر کو نشانہ بنانےکا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق دوحہ میں حماس کے سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
حماس ذرائع کے مطابق اسرائیلی جانب سے فضائی حملہ کیا گیا، حملے کے وقت حماس کے متعدد رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا۔
حماس ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حماس رہنما غزہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر کی تجویز پر غور کر رہے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری کے دوران اجلاس میں حماس کے 5 سینئر رہنما موجود تھے۔ حماس کے سینئر رہنماؤں میں خالد مشعل، خلیل الحیہ، زاہر جبارین، محمد درویش اور ابو مرزوق اجلاس میں موجود تھے۔
حماس ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجود حماس کے رہنما اسرائیلی حملے میں محفوظ رہے، اجلاس کی صدارت سینئر رہنما ڈاکٹر خلیل الحیہ کر رہے تھے۔
ایک اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہےکہ دوحہ میں حماس رہنماؤں پر حملے سے پہلے امریکا کو اطلاع دے دی گئی تھی، امریکا نے حماس رہنماؤں پر حملے میں مدد بھی فراہم کی۔
Leave a Reply