کراچی کے کاروباری علاقے صدر میں جیولر شاپ کے مالک نے قرض خواہوں سے بچنے کیلئے 40 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔
ڈی ایس پی پریڈی لیاقت حیات کے مطابق صدر میں راجہ غضنفر علی روڈ پر جیولر شاپ کے مالک مہزور نے مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی کہ ان کی دکان سے 2 ملزمان 40 لاکھ روپے مالیت کی چاندی لوٹ کر لے گئے ہیں۔
ڈی ایس پی کے مطابق اطلاع ملتے ہی افرا تفری میں پولیس موقع پر پہنچی تو واردات کی اطلاع دینے والا دکاندار بڑے سکون سے چائے پی رہا تھا جب کہ پڑوس میں بھی کسی کو واقعے کا علم نہیں تھا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ پوچھ گچھ کے دوران پتا چلا کہ دکاندار نے کال سے ایک گھنٹے قبل واردات کا بتایا جب کہ کافی زیورات دکان میں موجود تھے جس پر پولیس کو شک ہوا کہ چور سارا سامان کیوں نہیں لے کرگئے۔
پڑوس سے سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی گئی تو کوئی ملزم واردات کرتے نہ دیکھا گیا، پھر پولیس نے باریک بینی سے تفتیش کی تو دکاندار نے من گھڑت کہانی سنا دی کہ وہ قرض خواہوں سے بچنے کے لیے ڈکیتی کا مقدمہ درج کرا کر مزید وقت لینا چاہتا تھا۔
پولیس کے مطابق دکاندار کو تھانے لے جایا گیا تاہم بعد میں ایسوسی ایشن کی مداخلت اور دکاندار کی معافی پر معاملہ رفع دفع کردیا گیا۔


























Leave a Reply