
پاک بھارت کشیدگی کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتِ حال پر جیو نیوز کی مستند اور معتبر نیوز کوریج کے بھارتی شہری بھی معترف ہوگئے۔
بھارتی نیوز چینلز پر فیک نیوز، پروپیگنڈے اور گم راہ کُن معلومات کی بھرمار سے تنگ آئے بھارتی شہری بھی حقائق سے آگاہ رہنے کے لیے پاکستان کے سب بڑے نیوز چینل جیو نیوز پر انحصار کرنے لگے۔
سوشل میڈیا پر گفتگو میں مایانک سکسینہ نامی بھارتی شہری نے لکھا انتہائی شرم ناک اور تشویش ناک ہے کہ ایک ارب 40 کروڑ آبادی والے ملک میں ایک بھی نیوز چینل قابلِ اعتبار نہیں۔
ردِ عمل میں ادتیہ سامک نامی بھارتی شہری نے لکھا کہ میں تو جیو نیوز دیکھ رہا ہوں ، یہاں یکسر مختلف اور اچھی کوریج ہے۔
بھارتی شہریوں کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی پاکستانی چینلزاور ویب سائٹس کی بندش کے بعد وہ وی پی این کے ذریعے پاکستانی چینل تک رسائی حاصل کر رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ بھارتی نیوز چینل آج تک نے پاک بھارت کشیدگی میں غلط خبریں چلانے پر معافی مانگی تھی۔
بھارتی سینیئر صحافیوں نے بھی بھارتی نیوز چینلز کے پروپیگنڈے پر تنقید کی۔ سینئر صحافی راج دیپ سردیسائی نےکہا کہ صحافت جنگی جنون نہیں ہوتی،فرضی کہانیوں کو حقیقت بنا کر پیش نہیں کیا جاتا۔
اس کے علاوہ بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے جھوٹی خبریں دینے پر اپنے میڈیا کو مذاق قرار دیا۔
Leave a Reply