
راولپنڈی: رہنما مسلم لیگ ن اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا۔
راولپنڈی میں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا کارکن اپنے لیڈر اور پارٹی کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہا ہے، مریم نواز نے ہمت کے ساتھ اپنے والد کے ساتھ جیلیں کاٹیں۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ویمن چلڈرن اسپتال 10 ارب روپےکی لاگت سے جلد مکمل کریں گے جبکہ نالہ لئی ایکسپریس وے بھی مکمل کیا جائے گا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ فیلڈمارشل جنرل عاصم منیر کی وجہ سے پاکستان کا سر فخر سے بلندہوا، فیلڈ مارشل عاصم منیر جس طرح دشمن پر ٹوٹ پڑے وہ دنیا نے دیکھا، حالیہ صورت حال میں پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ایک نسل پیدا ہوئی تھی جو کہتے تھے فوج کو اپنا کام نہیں کرنا آتا، دنیا نے دیکھا فوج نے اپنا کام کس کامیابی کے ساتھ کیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ہم نے جب حملہ کیا تو ان کےمیزائل اسٹوریج اور ملٹری انسٹالیشن تباہ ہوئیں، مودی نے ہندوستان کا دفاعی نظام تباہ اور ایکسپوز کردیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کامیاب حکمت عملی سے بھارت کو تنہا کردیا، عالمی میڈیا آج پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کر رہی ہے۔
Leave a Reply