جیو فلمز کے بینر تلے عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی ہارر فلم دیمک کی ہدایت کار رافع راشدی کا شاہکار ہے جس میں مضبوط کاسٹ اور جادو اور جنات پر مبنی کہانی، منفرد انداز میں دیکھنے والوں کو متاثر کرے گی۔
فلم کی تشہیر کے دوران جیو ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک پراسرار واقعے کا ذکر کیا۔
’فلم کی شوٹنگ ابھی شروع بھی نہیں ہوئی تھی اور میں اپنے گھر پر تھی جیسے ہی لائٹ آن کرنے کیلئے آگے بڑھی تو محسوس ہوا جیسے کسی نے زور سے دھکا دیا ہو‘۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ یہ اتنا شدید دھکا تھا کہ مجھے محسوس ہوا میں اڑتی ہوئی آگے گری ہوں۔
’میں کافی دور جا کر گری اور پھر عثمان (اداکارہ کے شوہر) نے آکر میری مدد کی اور مجھے اٹھایا انہوں نے کہا کہ شاید تم نے یہ کردار بڑی سنجیدگی سے اوڑھ لیا ہے‘۔ اس پر فیصل قریشی نے لقمہ دیتے ہوئے کہا کہ ’کہیں وہ ہی تو وہ جن نہیں تھے‘۔ اس پر اداکارہ نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ ان سے بڑا جن میں خود ہوں۔
جادو و جنات پر مبنی فلم دیمک ایک فیملی ڈرامہ ہے جس میں ساس بہو تڑکے کے ساتھ فلم بین پراسرار واقعات کا خوف بھی محسوس کرسکیں گے۔ یہ کہانی عائشہ مظفر نے تحریر کی ہے۔
فلم دیمک عید الاضحیٰ پر ملک بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
Leave a Reply