
پیرس: فرانس نے پیر کے روز پیرس ائیر شو میں 5 اسرائیلی ہتھیار ساز کمپنیوں کے اسٹالز تک رسائی روک دی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام اسرائیلی کمپنیوں کی جانب سے ’جارحانہ ہتھیاروں‘ کی نمائش کے باعث کیا گیا جن میں وہ ہتھیار بھی شامل تھے جو مبینہ طور پر غزہ میں استعمال ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق ان ہتھیاروں کی نمائش فرانس کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق جن کمپنیوں کے اسٹالز بند کیے گئے ہیں ان میں اسرائیل ایرواسپیس انڈسٹریز (آئی اے آئی)، رافیل، یوویژن، ایلبٹ اور ائیروناٹکس شامل ہیں۔
ان کمپنیوں میں رافیل، ایلبٹ اور آئی اے آئی گائیڈڈ بم اور میزائل تیار کرتی ہیں، جبکہ یوویژن اور ایئروناٹکس ڈرونز تیار کرنے والی کمپنیاں ہیں۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔
خیال رہے کہ فرانسیسی عدالت کی جانب سے این جی اوز کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد 9 اسرائیلی کمپنیوں کو پیرس ائیر شو میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ این جی اوز کا مؤقف تھا کہ ان اسرائیلی کمپنیوں کو غزہ جنگ میں مبینہ کردار کی بنیاد پر نمائش میں شرکت نہیں کرنے دینی چاہیے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ائیر شو میں موجود 4 دیگر اسرائیلی اسٹالز بدستور کھلے ہیں۔
Leave a Reply