پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے ایک نجی نیوز چینل کی جانب سے نشر کی جانے والی خبر پر سخت ردعمل دیتے ہوئے صحافی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے سری لنکا کے دورے کے دوران پاکستانی کھلاڑی نامناسب رویے میں ملوث تھے اور ہوٹل انتظامیہ نے اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کو باضابطہ شکایت بھی کی تھی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ مبینہ واقعے کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے معاملے کا جائزہ لیا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کھلاڑی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس خبر کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے غیر مصدقہ اور گمراہ کن قرار دیا۔
بورڈ نے کہا کہ بغیر تصدیق کے اس طرح کی خبریں نشر کرنا بدنیتی اور غیر ذمہ دارانہ صحافت ہے اور اس معاملے پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
بعد ازاں فاسٹ بولر سلمان مرزا نے بھی سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے خبر کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ میڈیا میں ایک بے بنیاد خبر گردش کر رہی ہے اور وہ اس قسم کی سستی صحافت کی مذمت کرتے ہیں، کوئی بھی میڈیا ہاؤس غیر تصدیق شدہ خبر نشر نہیں کرسکتا۔
سلمان مرزا نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس خبر کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے چکا ہے اور وہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے بھی اپیل کی کہ غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


























Leave a Reply