ضلع خیبر میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کا زخمی بیٹا بھی دوران علاج چل بسا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقاراحمد کےمطابق7 سالہ محمد طلحہ کو شدید زخمی حالت میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شام علاقہ سلطان خیل میں نامعلوم دہشتگردوں نےحجرے کے سامنے موجود پولیس سپاہی سفیر خان اور ان کے 7 سالہ بیٹے پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ سے دونوں باپ بیٹا شدید زخمی ہوگئے تھے۔
وقاراحمد نے مزید بتایا کہ دونوں زخمیوں کو فوری طورپراسپتال منتقل کیا تھا تاہم پہلے پولیس اہلکار سفیرخان اور پھر انکا بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتا ہوا چل بسا، واقعے کا مقدمہ تھانہ لنڈی کوتل میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنوں میں مروت کنال روڈ سے 2 پولیس اہلکار بھائیوں کی لاشیں ملی ہیں۔
پولیس ترجمان آصف حسن کے مطابق کمشنرآفس میں ملازم تیسرے بھائی کو تلاش کیا جارہا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ تینوں بھائیوں کو رات سوکڑی حسن خیل سے اغوا کیا گیا تھا۔


























Leave a Reply