غزہ میں اسرائیلی فوج نے جنگ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک گاڑی پر فضائی حملے میں حماس کے سینیئر رہنما رائد سعد کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مغربی غزہ شہر میں ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کم از کم5 افراد شہید جبکہ 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے رائد سعد کو نشانہ بنانے کے احکامات دیے تھے۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی شن بیٹ انٹیلی جنس ایجنسی کے تعاون سے کی گئی اور اس میں رائد سعد شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ حالیہ ہفتوں میں حماس اپنی صلاحیتیں بحال کرنے اور خود کو منظم کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
بیان کے مطابق رائد سعد غزہ پٹی میں موجود حماس کے آخری سینیئر رہنماؤں میں سے ایک تھے وہ حماس میں مختلف اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے اور حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے شہید نائب سربراہ مروان عیسیٰ کے قریبی ساتھی تھے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی ہے تاہم حماس نے اپنے کسی رہنما کی شہادت کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
یورپی کونسل آن فارن ریلیشنز کی ایک فیکٹ شیٹ کے مطابق رائد سعد حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی ملٹری کونسل کے رکن تھے، وہ القسام بریگیڈز کے آپریشنز اور پروڈکشن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہ بھی تھے اور انہیں عسکری ونگ کا سیکنڈ ان کمانڈ قرار دیا جاتا تھا۔
























Leave a Reply