پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ اپنے نمائندے خود منتخب کرنا چاہتے ہیں یا فیصلے بند کمروں اور دفتروں میں ہوتے رہیں۔
صوابی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر اور ممبر قومی اسمبلی شہرام ترکئی نے زور دیا کہ اگر عوام سے ووٹ کا حق چھین لیا جائے تو جمہوریت اور پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد عوامی حقوق، آئین اور قانون کی بالادستی کے تحفظ کےلیے ہے، ملک کو ایسے حالات کی طرف دھکیلا گیا ہے جو مارشل لا سے بھی بدتر ہیں اور ایسے قوانین بنائے جا رہے ہیں جو عوام کے مفاد میں نہیں۔
اسد قیصر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 8 فروری کو بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستانی قوم جمہوریت،آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ چاہتی ہے۔
اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے کہا کہ حکومتی وزرا ان کے بارے میں جھوٹ بولتے رہے ہیں جبکہ بانی چیئرمین کو پمز اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات آتی رہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے اُن کے ذاتی معالج کو فوری ملاقات کی اجازت دی جائے اور حقیقت قوم کے سامنے لائی جائے۔
شہرام ترکئی نے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کل 31 جنوری کو 11 بجے شیوہ اڈہ پہنچیں گے اور بعد ازاں مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کریں گے، عوام کو ظلم اور ناانصافی کے خلاف بھرپور انداز میں سڑکوں پر نکلنا چاہیے۔
شہرام ترکئی نے کہا کہ 8 فروری کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو گی اور صوابی کے عوام سے امید ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اسٹریٹ موومنٹ ریلی میں شرکت کریں گے۔


























Leave a Reply