عمران کے بیٹوں کو آنے سے نہیں روکا، پی ٹی آئی کو 9 مئی یا 26 نومبر برپا کرنیکی اجازت نہیں دینگے: خواجہ آصف


عمران کے بیٹوں کو آنے سے نہیں روکا، پی ٹی آئی کو 9 مئی یا 26 نومبر برپا کرنیکی اجازت نہیں دینگے: خواجہ آصف

بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو آنے سےحکومت کیوں روکے گی، پاکستان آنے کے لیے وزٹ، اجازت اور شرائط پوری کرکے آسکتے ہیں: وزیر دفاع۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے پاکستان نے مودی کی ساکھ مٹی میں ملادی، بھارتی وزیراعظم اب بین الاقوامی مذاق بن چکے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو آنے سےحکومت کیوں روکے گی، پاکستان آنے کے لیے وزٹ، اجازت اور شرائط پوری کرکے آسکتے ہیں، میں نے میڈیا پر ہی پڑھا ہے کہ والد نے منع کیا کہ وہ نہ آئیں۔

ان کا کہنا تھا اگر بانی پی ٹی ائی کے بیٹے فیصلہ کر رہے ہیں تو بالکل پاکستان آئیں، ہمارا مؤقف صرف یہ ہے کہ پی ٹی آئی تشدد کی طرف رجوع نہ کرے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہوتا ہے، انہیں اس کی اجازت ہو گی، اگر پی ٹی آئی چاہتی ہےکہ 9 مئی یا 26 نومبر پھر برپا کرے تو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بھارتی وزیراعظم اب بین الاقوامی مذاق بن چکے ہیں: وزیر دفاع

پاک بھارت جنگ کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر ردعمل میں خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی کی ناؤ اب ڈوب چکی ہے، بیانات دے کر نریندرمودی اپنی ساکھ دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں، پاک فوج اور قوم نے مودی کی ساکھ مٹی میں ملائی اور وہ رل گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ نریندر مودی عالمی سطح پر رل گیا، جس سے گلے ملتا ہے وہ گلے نہیں ملتے، کسی کو ہاتھ ملاناچاہتا ہے وہ ہاتھ نہیں ملاتے، نریندر مودی اب بین الاقوامی مذاق بن چکا ہے، نریندرمودی کی باتوں کو اب سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ میں نریندر مودی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی میڈیا اور فوج خود کہہ رہی ہےکہ جہاز گرے، اب نریندر مودی کو بھی مان لینا چاہیے، نریندر مودی کا سورج غروب ہو چکا اور سیاسی ساکھ ختم ہو چکی۔

اسرائیلی ریاست کی سازش برطانیہ نے کی، ان پر فرض ہے کہ فلسطینیوں کیساتھ کیے گئے مظالم کا ازالہ کریں: خواجہ آصف

وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑی طاقتوں کی جانب سے فلسطینیوں پر قحط نازل کیا گیا، اب ان کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں، جس طرح غزہ کے بچوں کو بھوکا مارا جا رہا ہے یہ انسانیت کے لیے قابل شرم ہے، بھوک، قحط اور افلاس سے جو لوگ مارے جا رہے ہیں ان کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا برطانیہ اور فرانس کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا بہت اہم نکتہ ہے، برطانیہ پر یہ قرض ہے کیونکہ یہ اسرائیلی ریاست برطانیہ نے بنائی ہے، 1921 میں جو ڈیکلریشن آیا تھا اس کی سازش برطانیہ نے خود کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ فلسطینی قوم کے اوپر اپنا قرض اتارے، اب وقت ہےکہ ماضی میں جو گناہ اور جرم برطانیہ نے کیے، وہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہو، برطانیہ فلسطینیوں کے ساتھ کیے گئے مظالم کا ازالہ کرے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *