عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر


عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

فوٹو: فائل 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست 21 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کو 21 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم کنٹرول ایجنسی( این سی سی آئی اے) ، پی ٹی اے، بانی پی ٹی آئی اور پاکستان تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ 

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری غلام مرتضیٰ کی درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کی جیل قید کے دوران ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹس کو غیر قانونی قرار دے کر ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سزا یافتہ قیدی کی قید کے دوران آفیشل اکاؤنٹ سے انتشاری اور بدنیتی پر مبنی پوسٹس غیر قانونی ہیں ۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور پی ٹی اے کو تحقیقات کا حکم دیا جائے تا کہ یہ نشاندہی کی جا سکے کہ جیل میں قید کے دوران یہ اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے؟ 

درخواست میں مزید کہا گیا کہ ان مجرمانہ اور غیر قانونی پوسٹس کو بلاک کیا جائے اور انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹانے کے احکامات دیے جائیں۔ 

عدالتی نوٹس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنے جواب میں بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کی جیل سے آپریٹ ہونے کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں بلکہ جیل کے باہر سے کوئی آپریٹ کر رہا ہے۔ 

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل کے اندر موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں۔ انہیں صرف جیل رولز یا عدالتی احکامات کے مطابق سہولیات میسر ہیں۔ موبائل سمیت کسی ممنوعہ چیز کی جیل رولز کے تحت اجازت نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس موبائل سمیت کوئی ممنوعہ چیز موجود نہیں ہے۔ اڈیالہ جیل کے اندر موبائل فون سگنلز جیمرز بھی نصب ہیں، جیل کے اندر اور جیل کے باہر ملحقہ ایریا میں موبائل سگنلز بند ہوتے ہیں۔ 

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ جیل رول 265 قیدی بانی پی ٹی آئی کو سیاسی گفتگو سے روکتا ہے۔ جیل ٹرائل کے دوران بانی سے اس کی فیملی، وکلا ملاقات کرتے ہیں۔ جیل ملاقات کرنے والے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قیدی سے سیاسی بحث مباحثے کرتے ہیں۔ بانی کی جیل سے ہدایات نے ماضی میں کئی مواقع پر معاشرے میں تشدد کو ہوا دی۔ بانی پی ٹی آئی جیل میں سخت سرویلنس میں ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اور ان پر تعینات اسٹاف کو مستقل سرچ کیا جاتا ہے۔ 



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *