وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان ڈائیلاگ کے حق میں نہیں، پی ٹی آئی والے جب ملتے ہیں تو کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے یہ بھی کہتے ہیں کہ بانی سے ملنے کا موقع ملے تو وہ ان کو آمادہ کرلیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی واپس آئے اور اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں بیٹھے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کچھ چیزوں پر حکومت سے تعاون کرنا چاہیے اور بعض جگہوں پر اپنے معاملات میں بہتری لانی چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کی تیاریوں سے لگتا ہے کہ وہ 8 فروری کی کال کو واپس نہیں لیں گے، وہ احتجاج کی ناکامی کے بعد پارلیمنٹ میں آئیں اور بھرپور کردار ادا کریں۔
محمود خان اچکزئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا کہ محمود اچکزئی اور نواز شریف کے رابطے کا انہیں علم نہیں۔ اچکزئی ہمارے مشکل وقت کے ساتھی ہیں ان کے بارے میں نواز شریف اور شہباز شریف کے مثبت خیالات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا پراسس شروع ہوجائے گا۔

























Leave a Reply