سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس نے حکومت سے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے معاملات ٹھیک کرلیں، وعدہ کرتا ہوں حکومت نہیں گرانے دوں گا۔
سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے راجا ناصر عباس نے عمران خان سے ملاقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر جعلی پرچے ہیں، بہنوں سے ملاقات نہیں کرائی جارہی، انہیں ایک اور انجیکشن لگنا ہے۔
راجا ناصر عباس کو جواب دیتے ہوئے حکومتی سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایک شخص ضد پر کھڑا ہو، کوئی بات ماننے کےلیے تیار ہی نہ ہو تو اس کا کیا کریں، ہم اس ملک کی بہتری کے لیے آپ کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، آپ سیاسی عمل کا حصہ بننے سے مسلسل انکاری ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ جو آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں آپ ان سے مذاکرات نہیں کرتے، جو مذاکرات نہیں کرنا چاہتے آپ نے ان کو درخواستیں دی ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے علاج کا معاملہ عدالت میں ہے، سپریم کورٹ نے نوٹس لیا ہے، فرینڈ آف کورٹ مقرر کیا ہے، حکومت نے ان کا علاج کرایا ہے۔


























Leave a Reply