
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے کرکٹر سکندر رضا کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز سے کمٹمنٹ کو پیسوں سے جوڑ دیا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے ساتھ بطور تجزیہ کار شرکت کرنے والے عماد وسیم سے سوال کیا گیا کہ سکندر رضا کو ایک لفظ میں بیان کریں۔
جواب میں عماد وسیم نے کہا کہ جیسا شعیب اختر نے کہا پیسہ آپ کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے، میرا بھی سکندر رضا کی کمٹمنٹ پر یہی ردِ عمل ہے، اگر آپ کو معاوضہ مل رہا ہے تو آپ جائیں گے، میں بھی بہت سفر کرتا رہا ہوں۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ کبھی کبھی ایک میچ ختم ہوتا ہے اور اگلے دن آپ کسی دوسرے ملک میں دوسرا میچ کھیل رہے ہوتے ہیں، میں نے 24 گھنٹے تک سفر کیا اور براہِ راست بھی میچ میں گیا ہوں، پیسہ آپ سے مختلف چیزیں کروا سکتا ہے۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ سکندر رضا بہترین کھلاڑی ہیں، وہ گزشتہ چند سال سے دنیا بھر میں مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، سکندر نے اپنی ٹیم کے لیے آئی ایل ٹی 20 کا فائنل بھی جیتا تھا، وہ ایک شاندار انسان اور ٹیم کے اچھے کھلاڑی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی نژاد زمبابوین کرکٹر سکندر رضا کی پی ایس ایل 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز کی ٹیم میں غیر متوقع واپسی اور وِننگ شاٹ کھیلنے کے حوالے سے دنیا بھر میں ان کی کمٹمنٹ کے چرچے ہو رہے ہیں۔
سکندر رضا فائنل میں کوئٹہ کے خلاف ٹاس ہونے سے محض چند منٹ قبل ہی لاہور پہنچے تھے، انہوں نے ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کی نمائندگی کرنے کے لیے لاہور قلندرز کی ٹیم سے چھٹی لی جس کی وجہ سے ان کی پی ایس ایل فائنل میں شرکت غیر یقینی تھی۔
Leave a Reply