وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ علیمہ خان بزرگ خاتون اور ان کا کردار بہن کے طور پر وہ بڑی باوفا بہن ہیں، ان کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ قابل مذمت ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ علیمہ خان کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، کسی تبصرے اور حوالے کے بغیر اس کی مذمت کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست اپنی جگہ پر علیمہ خان بزرگ خاتون اور ان کا کردار بہن کے طور پر وہ بڑی باوفا بہن ہیں اور اس حوالے سے ان کا احترام کرتا ہوں، ان کے ساتھ جس نے بھی یہ کیا اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج کا طریقہ نہیں، کسی خاتون کے خلاف ایسا اقدام ناقابل قبول ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہاکہ کیا اس واقعے سے علیمہ خان کی حیثیت میں کوئی کمی ہوئی ہے؟ اس قسم کے واقعات سے اس شخصیت اورپارٹی کےساتھ لوگوں کی ہمدری بڑھتی ہے۔
خیال رہے کہ آج اڈیالہ جیل کے دوران عمران خان کی بہن علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں کہ اس وقت ان پر دو انڈے پھینکے گئے۔
گفتگو کے دوران ایک انڈہ علیمہ خان کو لگا جس کے بعد پارٹی کارکنان نے شور شرابہ شروع کردیا اور پولیس نے موقع سے 2 لڑکیوں کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کردیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق انڈا پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔
Leave a Reply